سبق نمبر 16
پچھلے سبق میں ہم نے احکام لگانے کا بنیادی طریقہ سیکھا تھا لیکن اس میں سے ابھی کچھ نکات کی وضاحت کرنا ضروری سمجھتا ہوں تاکہ مجھ سے سیکھنے والے شائقین کسی پلیٹ فارم پر یہ نہ کہیں کہ ہمیں ابتدائی طور پر ہی ادھوری معلومات دی تھی۔
زائچہ رمل کا ایک خانہ کئی چیزوں سے منسوب ہوتا ہے۔ اب اصول یہ ہے کہ سب سے پہلے سوال پر غور کیا جاتا ہے کہ کس خانہ سے متعلق سوال ہے۔ ایک وقت میں خانہ سوال صرف ایک ہی چیز سے منسوب ہوتا ہے جس نسبت کے متعلق پوچھا جاتا ہے یعنی جس چیز کا سوال ہو متعلقہ خانہ سے صرف اس سوال کے متعلقہ نسبت کو ہی دیکھنا ہوتا ہے دوسرے منسوبات سوال کی نوعیت کے حساب سے وقتی طور پر معزول ہو جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر خانہ پانچ اولاد کا خانہ بھی ہے محبوب کا خانہ بھی ہے۔ اور دوسرے منسوبات بھی ہیں۔ سوال اگر اولاد کے متعلق ہو تو خانہ پانچ اس وقت صرف اولاد کا خانہ ہوگا۔ اور سوال اگر محبوب کے متعلق ہو تو خانہ پانچ اس وقت صرف محبوب کے خانہ کے طور پر دیکھا جائے گا۔
اسی طرح اشکال کے منسوبات بھی سوال کی نوعیت کے حساب سے ہی دیکھے جاتے ہیں۔
کہنے کا مطلب یہ ہے کہ سوال ہی سب اہم ہے۔ جیسا سوال ہوگا ویسے ہی منسوبات بیان کئے جائیں گے۔ اگر سوال کی نوعیت سے ہٹ کر جواب دیا جائے گا تو آپ کو اسی زائچہ سے غلط معلومات مل سکتی ہیں۔
اس بات کو ذہن میں رکھنا نہائت ضروری ہے۔ جتنا مختصر جواب اخذ کیا جائے اتنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ ورنہ الجھن بڑھتی جائے گی۔ اور سائل مزید سوالات پوچھنے لگے گا۔
احکام لگاتے وقت طالع کی نحوست و سعادت اور خانہ مقصد کی نحوست و سعادت اور شکلوں کی تکرار اور عکس اور میزان کی نحوست و سعادت کو بھی مد نظر رکھنا ہوتا ہے۔
اگر میزان سائل کے خلاف فیصلہ دے تو سب کام اچھے سے ہونے کے باوجود بھی آپ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جس طرح سانپ سیڑھی والی گیم میں 99 نمبر پر سانپ کاٹ لیتا ہے اور کھیلنے والا بہت نیچے چلا جاتا ہے۔
اب ایک اور کنفیوژن بھی ہوتی ہے اس کی وضاحت کرنا بھی ضروری سمجھتا ہوں۔
جیسا کہ میں نے عکس اور تکرار والی بات بتائی ہے۔ اگر کسی زائچہ میں عکس اور تکرار موجود ہی نہ ہو تو رمال کیا کرے؟
دیکھیں سوال اگر دخول ہو اور خانہ نمبر 11 اور 14 میں تکرار نہ ہو تو آپ ان خانوں میں مترادف داخل اشکال دیکھیں گے۔ اگر اشکال تکرار نہ بھی ہو تو خانہ نمبر 11 اور چودہ میں کوئی دوسری داخل اشکال ہوں تو حکم حصول مراد کا لیا جائے گا۔ اگر خارج اشکال ہوں تو عدم حصول مراد کا حکم ہوگا۔
اسی طرح کی مترادف اشکال نحس خانوں میں بھی دیکھی جاتی ہیں۔
میں اپنی حد تک اچھی طرح وضاحت کردی ہے۔ جس کو سمجھ نہ آئی ہو وہ بار بار سبھی اسباق کو پڑھ کر اپنی غلط فہمیوں کو ٹھیک کر سکتا ہے۔
بزرگوں کا کہنا ہے کہ ایک من علم ہو تو اس کے لئے دس من عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر کوئی عقل والا ہوتو جتنا کچھ سکھا دیا ہے اس سے وہ ایک اچھا خاصا رمال بن سکتا ہے۔
اس معلومات کے مطابق تشخیص والے گروپ میں آپ اپنے طور پر زائچہ ریڈ کیا کریں اور جواب اخذ کیا کریں ان شاءاللہ بہت جلد آپ کا رمل چل پڑے گا۔
راقم الحروف
ڈاکٹر مزمل حسین