سبق نمبر 25

بیت الارض خانہ 4 کے احکامات

یہ خانہ سائل کے مکان و دکان۔ زمین و جائیداد۔ باغات و ملکیت۔گاڑی و موٹر سائیکل وغیرہ اور دفینہ ،گاؤں، شہر آفس وغیرہ اور باپ سے منسوب ہے۔

سائل اگر سوال کرے کہ میرا باپ کیسا ہے شفیق ہے یا نہیں؟ تو ہم اس طرح دیکھیں گے کہ

اگرخانہ 4 میں اشکال سعد داخل یا سعد ثابت یا سعد خارج ہوں تو باپ شفیق ہے۔

اگر سعد منقلب ہے تو بھی باپ شفیق ہے مگر کبھی کبھی چڑ چڑا ہو جاتا ہے۔

اگر نحس داخل نحس خارج نحس ثابت یا نحس منقلب ہوں تو باپ شفیق نہیں ہے۔

اگر حمرہ ہوتو اوروں کی باتوں میں آجاتا ہے۔ اگر جماعت ہو تو چڑ جاتا

ہے لیکن تنہائی میں شفقت سے پیش آتا ہے

اگر نحس منقلب عقلہ یا نقی ہو تو زیادہ تر چڑچڑا اور غصہ میں رہتا ہے مگر کبھی کبھی شفیق اور خوش بھی ہوتا ہے۔

باپ کا طالع اور حال کا خانہ 4 نمبر ہوتا ہے۔ مستقبل خانہ نمبر 5 اور ماضی خانہ نمبر 3 ہوتا ہے ۔

اگر سائل کے اور اس کے باپ کے باہمی تعلقات دیکھنے ہوں تو سائل کے طالع کی شکل کو خانہ نمبر 4 کی شکل سے ضرب کیا جائے گا۔ جو بھی شکل آئے تو اوپر بیان کئے ہوئے منسوبات اور قواعد کے تحت حکم لگایا جائے ۔ اگر شکل سعد ہو تو تعلقات اچھے ہیں نحس تو تعلقات بگڑے ہوئے ہیں۔

اگر سائل کا سوال یہ ہو کہ جو ملکیتی زمین ہے یا باغات وغیرہ ہیں کیا وہ آباد ہیں یا غیر آباد ؟ تو دیکھیں کہ خانہ نمبر 4 میں اشکال سعد ہوں تو آباد ہیں نحس ہوں تو غیر آباد ہیں۔

اگر سوال ہو کہ ملکیتی زمین وغیرہ مجھے ملے گی یا نہیں؟ تو خانہ نمبر 1 اور 4 کی اشکال کی ضرب سے حاصل شدہ شکل اگر سعد داخل ہے تو ملے گی اگر سعد خارج ہے تو کچھ حصہ ملنے کے چانس ہیں۔ اگر سعد ثابت بھی ہے تو ملنے کے چانس ہیں۔ اگر سعد منقلب ہے تو ملکر چھن جائے گی یا خود کسی اور کو دے دیگا۔

نحس شکل آئے تو نہیں ملے گی۔

اگر سوال ہو کہ کسی جگہ دفینہ موجود ہے یا نہیں ؟ تو جگہ مقررہ کی نیت کرکے وہاں کا زائچہ بنائیں اگر زحل یا مشتری یا شمس سے منسوب شکل خانہ 4 میں آئے تو دفینہ موجود ہے ورنہ نہیں ہے۔

اگر سوال ہو کہ دفینہ مجھے ملے گا یا نہیں ؟ تو خانہ 1 اور 4 کی اشکال کو ضرب کرکے دیکھو ۔ اگر سعد داخل آئے تو ملے گا۔

سعد خارج آئے تو کسی اور کے مقدر میں ہے طریق آئے تو بھی کسی اور کو ملے گا۔ اگر فرح آئے توخوشخبری ہے اس سے بھی ملنے کا بھر پور چانس ہے ۔

باقی اشکال سے ملنے کا امکان بہت کم ہے۔

راقم الحروف

ڈاکٹر مزمل حسین