سبق نمبر 19

باطنی زائچہ

باطنی احکام کی طرح باطنی زائچہ بھی روحانی ایکسرے کا کام کرتا ہے۔

آج ہم آپ کو باطنی زائچہ بنانا سکھائیں گے۔ باطنی زائچہ بنانے کے بھی کئی طریقے ہیں۔ مگر عام طور پر جو طریقہ مشہور ہے اور پاکستان میں مستعمل ہے میں آپ کو وہی سکھاؤں گا۔ کیونکہ ہماری بنیادی معلومات دائرہ ابدح کے متعلق ہے تو ہم ابدح کو ہی لے کر چلیں گے ۔

باطنی زائچہ بنانے کے لئے سب سے پہلے قرعہ ڈال کر ظاہری زائچہ کشید کیا جاتا ہے۔

اس کے بعد دیکھا جاتا ہے کہ زائچہ ظاہری آپ کے سوال کا جواب خاطر خواہ دے رہا ہے یا نہیں؟

اگر ظاہری زائچہ خاطر خواہ جواب نہ دے تو پھر باطنی زائچہ سے جواب حاصل کیا جاتا ہے۔ طریقہ یہ ہے کہ ظاہری زائچہ کے خانہ اول کی شکل کو دائرہ ابدح کی پہلی شکل یعنی لیحان سے ضرب دے کر ایک نئی شکل حاصل کی جاتی ہے نیا خالی گھروں والا زائچہ بنایا جاتا ہے اور نئے خالی گھروں والے زائچہ کی امہات والے چار خانوں میں سے پہلے خانہ میں رکھ دیا جاتا ہے۔

اسی طرح ظاہری زائچہ کی دوسرے گھر کی شکل کو دائرہ ابدح کی دوسری شکل یعنی حمرہ سے ضرب دے کر جو نئی شکل حاصل ہوتی ہے اس کو نئے خالی زائچہ کے امہات والے خانوں میں سے دوسرے خانہ میں رکھ دیا جاتا ہے۔

اسی طرح ظاہری زائچہ کے تیسرے خانہ کی شکل کو دائرہ ابدح کی تیسری شکل نصرة الخارج سے ضرب دے کر نئی شکل حاصل کرکے خالی زائچہ کے تیسرے گھر میں رکھ دی جاتی ہے۔ اسی طرح چوتھی شکل بیاض کی ضرب سے بنے گی۔ اور چوتھے گھر میں آئے گی۔ اور پانچویں شکل قبضة الخارج سے ضرب کے نتیجہ میں بنے گی جو خالی زائچہ کے پانچویں گھر میں رکھی جائے گی۔چھٹی شکل اجتماع کی ضرب سے بنے گی اور چھٹے گھر میں رکھی جائے گی۔ اسی قیاس پر سولہ گھروں کی سولہ اشکال کو دائرہ ابدح کی اصل ترتیب والی اشکال سے ضرب دے کر پورا زائچہ بھرا جائے گا جس کو ہم باطنی زائچہ کہیں گے۔

باطنی زائچہ میں پہلی چار امہات سے باقی زائچہ کشید نہیں کیا جاتا بلکہ صرف ظاہری زائچہ کو ہی ضرب دے دے کر نئی شکل دی جاتی ہے۔مثال کے لئے ایک زائچہ شیئر کر رہا ہوں آپ اس کی اشکال کو دائرہ ابدح کی ترتیب وار اشکال سے ضرب دے کر ویری فائی کرکے باطنی زائچہ بنانے کی پریکٹس کریں۔

راقم الحروف

ڈاکٹر مزمل حسین