سبق نمبر 23

بیت المال خانہ نمبر 2 کے احکامات

یہ خانہ سائل کی مالی حالت کو ظاہر کرتا ہے۔اس خانہ کے اور بھی کئی منسوبات ہیں۔ مگر زیادہ تر مالی پوزیشن ہی دیکھی جاتی ہے تو اسی کے متعلق اشکال کے احکامات بیان کئے جائیں گے۔ جو صرف حال کے متعلق ہونگے۔

یہاں ایک بات کی وضاحت کردوں کہ سوال جس خانہ سے متعلق ہوگا وہ خانہ اس وقت اس سوال کا حال کا خانہ ہوگا جیسا کہ خانہ نمبر 2 مستقبل کا خانہ ہے۔ لیکن جب سوال ہی خانہ نمبر 2 سے متعلق ہوگا تو خانہ نمبر 2 کو حال سمجھا جائے گا اور پچھلا خانہ یعنی خانہ نمبر 1 ماضی کے مالی حالات بتائے گا اور خانہ نمبر 3 مستقبل کے مالی حالات بتائے گا۔میں یہاں صرف حال کے متعلق احکام بتاؤں گا۔ ماضی اور مستقبل کا اندازہ آپ خود کریں گے۔

اگر شکل سعد خارج یعنی لحیان یا نصرة الخارج خانہ دوم میں آئے تو سائل مالدار ہوتا ہے ۔ پیسہ بہت آتا ہے مگر خرچ ہو جاتا ہے۔ رکتا نہیں ہے آتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ لیکن سائل کی مالی پوزیشن کمزور نہیں ہے اور نہ ہی کسی کا قرضدار ہے ، ہاں البتہ یہ ہوسکتا ہے کہ دوسروں کو مدد کے لئے یا قرض کے طور پر کچھ رقم دے رکھی ہو۔

اگر شکل سعد داخل یعنی قبضة الداخل یا نصرة الداخل یا عتبة الداخل خانہ دوم میں آئے تو سائل مالدار ہے اور کافی رقم جمع کر رکھی ہے اور کہیں سے تازہ رقم یا مال بھی ملا ہے۔

اگر شکل سعد منقلب یعنی فرح یا طریق خانہ دوم میں آئے تو سائل کے پاس مال جلد جلد آتا ہے اور جلد جلد چلا جاتا ہے ۔ مال رکتا بہت کم ہے۔ سائل قرضدار بھی نہیں ہے اور مال جمع بھی کرکے نہیں رکھا ہے۔

اگر شکل سعد ثابت یعنی بیاض یا اجتماع خانہ دوم میں آئے تو سائل کے پاس زیادہ پیسہ تو نہیں ہے تھوڑا بہت جو پہلے سے جمع کیا تھا ضرور موجود ہے جس کو سائل خرچتا بھی بہت کم ہے کیونکہ سائل کے وسائل اس کو نظر آرہے ہوتے ہیں کہ مزید آمدن ہونا مشکل ہے۔

اگر شکل نحس خارج یعنی قبضة الخارج یا عتبة الخارج خانہ دوم میں ہو تو سائل تنگ دست اور مقروض ہے۔ بینک بیلنس یا پاکٹ بالکل خالی ہے یا نہ ہونے کے برابر رقم اس کے پاس ہے ۔ برے حالات کی وجہ سے کسی سے ادھار لینے کا سوچ رہا ہے۔ عزیز و اقارب بھی اس کے مدد گار نہیں ہیں۔

اگر شکل نحس داخل یعنی انکیس خانہ دوم میں ہو تو سائل کے پاس مال ضرور ہے مگر بہت دکھ اور تکلیف سے اکٹھا کیا ہے کشمکش اور جد و جہد اور محنت کے بعد اور وہ بھی بہت تھوڑا تھوڑا کرکے کچھ جمع ہوا ہے اس لئے سائل ہاتھ کا کھلا بھی نہیں ہے اور کسی حد تک کنجوس بھی ہے۔ جو مال اس کے پاس ہے اس کوخرچ نہیں کرنا چاہتا اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ سائل قرضدار ہے۔

اگر شکل نحس منقلب یعنی عقلہ یا نقی خانہ دوم میں ہو تو سائل کے پاس پیسہ نہیں ہے ۔بلکہ قرضداری ہے۔ اگر پیسہ آتا بھی ہے تو بہت تھوڑا آتا ہے وہ بھی سخت جدوجہد کے بعد آتا ہے۔ جو آتا ہے وہ کسی غلط کام یا غلط فیصلے یا کسی اچانک مسئلے کی وجہ سے جلد ہی ختم ہو جاتا ہے۔

اگر شکل نحس ثابت یعنی حمرہ یا جماعت خانہ دوم میں ہو تو سائل کے پاس بہت تھوڑی سی رقم ہوتی ہے اور سائل قرضدار بھی ہوتا ہے۔ کسی زمانے میں کچھ رقم جمع کی تھی وہ بھی ڈر کے مارے خرچ نہیں کرتا ہے کیونکہ وہ سوچتا ہے آئندہ پیسہ کہاں سے آئے گا۔ کیونکہ وسائل نظر نہیں آرہے ہوتے۔

راقم الحروف

ڈاکٹر مزمل حسین۔